وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سرکاری دورے پر برطانیہ پہنچ گئے ہیں جہاں ان کی برطانوی وزارتِ خارجہ کے حکام سے چند پاکستانی شہریوں کی حوالگی (extradition) کے معاملے پر اہم بات چیت متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی برطانیہ میں تین روز قیام کریں گے۔ دورے کے دوران وہ چیئرمین پی سی بی کی حیثیت سے پاکستان سپر لیگ کے اگلے سیزن کی لانچ تقریب میں بھی شرکت کریں گے، جو اتوار کو لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں منعقد ہوگی۔
باخبر ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کی برطانوی فارن آفس کے اعلیٰ حکام سے ملاقات طے ہے جس میں پاکستانی شہریوں کی حوالگی سے متعلق پیش رفت پر گفتگو کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق محسن نقوی ان پاکستانیوں کے حوالے سے اہم شواہد اور دستاویزات پہلے ہی پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کر چکے ہیں۔
تاہم دوسری جانب برطانوی فارن آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہائی کمشنر کو دیے گئے ڈوزئیر اب تک لندن نہیں پہنچے اور روایتی سفارتی عمل کے تحت دستاویزات موصول ہونے کے بعد ہی معاملے کا باضابطہ جائزہ لیا جا سکے گا۔





