جون 5, 2026

محکمہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام دینہ میں خصوصی افراد کیلئے شاندار تقریب ، 85 معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم

سرائے عالمگیر (ڈاکٹر تصور حسین مرزا) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر صوبے بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی خصوصی افراد کی بحالی و فلاح کے لیے نمایاں اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں محکمہ سوشل ویلفیئر جہلم کی جانب سے دینہ میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں 85 معذور افراد میں وہیل چیئرز تقسیم کی گئیں۔

تقریب میں مشیر وزیراعلیٰ پنجاب برائے صحت میجر جنرل ریٹائرڈ اظہر محمود کیانی، ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خضر حیات خان، سی ای او ایجوکیشن ڈاکٹر نازیہ شہزادی اور ڈویژنل سوشل ویلفیئر کے محمد شاہد رانا نے خصوصی شرکت کی۔

تقریب کی اہم شخصیت معروف سماجی رہنما ایڈووکیٹ فرحت کمال ضیا تھے، جنہیں سماجی خدمات پر ڈویژنل ڈائریکٹر کی جانب سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
اس موقع پر عبدالغفور چوہان اور محمد عمر بٹ نے بھی شرکت کی اور فرحت کمال ضیا سمیت محکمہ سوشل ویلفیئر کی شاندار کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

مشیر صحت اظہر محمود کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خصوصی افراد کی بحالی کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ خصوصی افراد کی سہولت کے لئے وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق جامع اقدامات کر رہی ہے۔

تقریب میں بتایا گیا کہ پنجاب حکومت خصوصی افراد کی فلاح کے لیے اربوں روپے کے منصوبے جاری کر چکی ہے، جبکہ وہیل چیئرز کی فراہمی کے ساتھ ’ہمت کارڈ‘ کا اجرا بھی بھرپور انداز میں جاری ہے۔
تقریب کے انعقاد میں چوہدری محبوب صدر انجمن تاجراں اور چوہدری راحیل ایڈوکیٹ کا تعاون قابلِ ذکر رہا، جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض محمد عمر بٹ نے انجام دیے۔