جون 5, 2026

وفاق کی مالی مشکلات کم کرنے کو تیار، صوبوں کو مزید ذمے داریاں دی جائیں: بلاول بھٹو زرداری

کراچی میں قومی ادارہ برائے امراضِ قلب (این آئی سی وی ڈی) کے نئے او پی ڈی بلاک کے افتتاح کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صوبوں کو مالی وسائل دینا غلطی نہیں تھی بلکہ این آئی سی وی ڈی جیسے منصوبے اس فیصلے کی کامیابی کا واضح ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق کو درپیش مالی مشکلات دور کرنا چاہتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ صوبوں کو مزید ذمہ داریاں سونپی جائیں تاکہ وہ زیادہ ٹیکس جمع کرکے وفاق کا بوجھ کم کرسکیں۔

بلاول بھٹو نے بعض وفاقی وزرا کی جانب سے صوبوں سے اختیارات واپس لینے کے بیانات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ نے صحت کے شعبے میں بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر صوبوں کی ذمہ داریاں بڑھائی جائیں تو وہ مؤثر انداز میں مزید ٹیکسز اکٹھے کرسکتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ سیلز ٹیکس آن سروسز کے ساتھ ساتھ دیگر ٹیکسز بھی صوبائی حکومت وفاق کے لیے جمع کرنے کو تیار ہے، جبکہ سندھ نے سیلز ٹیکس آن سروسز کی وصولی میں تمام سابقہ ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔

تقریب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، صوبائی وزرا شرجیل انعام میمن اور مکیش چاولہ سمیت ماہرینِ امراضِ قلب اور دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔