جون 5, 2026

بابری مسجد کی شہادت عدم برداشت کی علامت ہے، عالمی برادری کردار ادا کرے: ترجمان دفترِ خارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ نے بابری مسجد کی شہادت سے متعلق اپنے بیان میں کہا ہے کہ بابری مسجد ہماری اجتماعی یادداشت کا ایک اہم حصہ ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ 6 دسمبر 1992 کا سانحہ آج بھی دکھ اور تشویش کا باعث بنتا ہے اور یہ واقعہ عدم برداشت اور مذہبی تعصب کی واضح علامت ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ مذہبی ورثے کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے، مسلمانوں کے مذہبی مقامات کو نقصان پہنچانے کے واقعات پر مؤثر احتساب ناگزیر ہے۔ ترجمان کے مطابق بابری مسجد سانحے کے بعد بھارتی مسلمان عدم تحفظ اور ذہنی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ ہندو انتہا پسند تنظیمیں ریاستی سرپرستی میں اقلیتوں کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہی ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان بین المذاہب ہم آہنگی اور پُرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے۔ عالمی برادری مسلمانوں کے مذہبی ورثے کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے جبکہ بھارت کو چاہیے کہ وہ تمام شہریوں کے لیے مساوی حقوق اور مذہبی رواداری کو یقینی بنائے۔