نومبر 6, 2026

سری لنکا کی سنسنی خیز جیت، پاکستان 6 رنز سے ناکام، ٹرائی سیریز کا فائنل پاکستان اور سری لنکا کے نام کھیلا جائے گا

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے اہم مقابلے میں سری لنکا نے پاکستان کو ایک دلچسپ اور سنسنی خیز معرکے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا، جبکہ زمبابوے ایونٹ سے باہر ہوگیا۔ ٹاس پاکستان نے جیتا اور فیلڈنگ کا انتخاب کیا، مگر سری لنکن بلے بازوں نے پراعتماد انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز اسکور کیے۔
کامل مشارا نے شاندار 76 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کوشل مینڈس نے 40 رنز بنا کر ٹیم کے مجموعے میں اہم کردار ادا کیا۔ داسن شناکا 17 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ محمد وسیم جونیئر اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم بھرپور کوشش کے باوجود 7 وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان سلمان علی آغا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 63 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 33 اور محمد نواز نے 27 رنز کا اضافہ کیا۔
پاکستان نے آج کے میچ میں دو تبدیلیاں کیں اور نسیم شاہ و عثمان طارق کی جگہ سلمان مرزا اور ابرار احمد کو موقع دیا، جبکہ سری لنکا نے اپنی فاتح الیون برقرار رکھی۔
ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا