پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک ناپسندیدہ سنگِ میل چھو لیا ہے۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران سری لنکا کے خلاف جمعرات کے روز وہ ایک بار پھر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔ یہ مسلسل دوسرا میچ تھا جس میں بابر اعظم صفر کا شکار ہوئے، اس سے پہلے وہ زمبابوے کے خلاف بھی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے تھے۔
اس آؤٹ کے ساتھ ہی بابر اعظم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں 10 مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے والے بیٹرز کی فہرست میں صائم ایوب اور عمر اکمل کے ساتھ مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر آگئے۔ پاکستانی بیٹرز میں عمر اکمل 84 میچوں میں 10 مرتبہ، صائم ایوب 55 میچوں میں 10 مرتبہ جبکہ بابر اعظم اب 135 میچوں میں 10 مرتبہ بغیر رن بنائے آؤٹ ہو چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سہ ملکی سیریز کے اسی میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے، جبکہ زمبابوے کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوچکی ہے۔ فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔





