نومبر 6, 2026

پاکستانی پاسپورٹ پر UAE اور سعودی عرب کی جانب سے پابندی لگتے لگتے رہ گئی: حکام وزارت داخلہ

وزارتِ داخلہ کے حکام نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کو بریفنگ دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) عام پاکستانی پاسپورٹ پر فی الحال ویزے جاری نہیں کر رہا۔ حکام کے مطابق اس وقت صرف بلیو پاسپورٹ اور ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ہی ویزے مل رہے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ پاکستانی پاسپورٹ پر یو اے ای اور سعودی عرب کی جانب سے پابندی لگتے لگتے رہ گئی، اور اگر یہ پابندی لگ جاتی تو اسے ہٹوانا انتہائی مشکل ہوتا۔ حکام کا کہنا تھا کہ حالیہ مہینوں میں پڑوسی ملک کی جانب سے ہمارے سسٹم میں مداخلت کی گئی اور پاکستانی شناخت پر پاسپورٹ حاصل کیے گئے، جس میں کرپشن کے امکانات کو بھی رد نہیں کیا جاسکتا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ چند ماہ قبل سعودی عرب سے بڑی تعداد میں پاکستانی نکالے گئے جن میں کئی افغان شہری پاکستانی بن کر مقیم تھے۔ حکام کے مطابق 61 ممالک میں اس وقت 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں، جن میں اکثریت معمولی نوعیت کے جرائم جیسے اوور اسٹے، شناختی فراڈ اور بینک فراڈ کے الزامات میں گرفتار ہے۔ قتل، منظم جرائم اور دہشت گردی کے مقدمات میں پاکستانی شہری نہ ہونے کے برابر ہیں۔

سیکرٹری داخلہ نے مزید بتایا کہ حکومت نے 18 سے 20 کروڑ پاکستانیوں کا ڈیٹا مکمل طور پر ڈیجیٹل کر لیا ہے، جس کے بعد کسی بھی شہری کی شناخت فوراً تصدیق ہو جاتی ہے اور پھر اس کی ضرورت کے مطابق معاونت فراہم کی جاتی ہے۔