ڈنگہ ( زمان اسلم ) اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں اور ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی ڈنگہ احمد شیر گوندل نے ڈنگہ شہر کا تفصیلی وزٹ کرتے ہوئے زیرِ تعمیر سڑکوں، بجلی پولز کی انسٹالیشن، تجاوزات اور شہری سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کولیاں روڈ، تھانہ روڈ، کمپلیکس روڈ، تحصیل لیول سول ہسپتال ڈنگہ اور کمپیوٹرائزڈ اراضی سنٹر سمیت متعدد مقامات پر انتظامی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
احمد شیر گوندل تقریباً 5 گھنٹے تک ڈنگہ میں موجود رہے۔ وہ کولیاں چوک سے نشانِ حیدر چوک تک اپنی ٹیم کے ہمراہ پیدل چلتے ہوئے علاقے کا تفصیلی جائزہ لیتے رہے تاکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کا براہِ راست مشاہدہ کیا جا سکے۔ انہوں نے نئے بجلی پولز کے لیے کھودے گئے گڑھوں کی گہرائی اور الائنمنٹ چیک کی اور شہر میں موجود تجاوزات کا بھی معائنہ کیا۔
بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے تحصیل لیول سول ہسپتال ڈنگہ کا دورہ کیا، جہاں ایڈمن آفیسر راجہ علی اختر اور ڈاکٹر بلال نے انہیں ہسپتال کے تمام اہم شعبہ جات—فی میل وارڈز، گائنی وارڈ اور ایمرجنسی وارڈ—کا وزٹ کروایا۔ اس دوران مریضوں کی تعداد اور ادویات کی دستیابی کا ریکارڈ بھی چیک کیا گیا۔
انہوں نے کمپیوٹرائزڈ اراضی سنٹر میں ریکارڈ مال کی کمپیوٹرائزیشن کے عمل کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عملے کو مقررہ وقت میں کام مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
وزٹ کے دوران سینئر ہیڈ کلرک چوہدری محمد اختر، انفورسمنٹ انسپکٹر ذوالفقار احمد، پٹواری چوہدری محمد اسجد برتالی، محکمہ شاہرات کے SDO اور آرار کمپنی کے سپروائزر مد سلیم بھی اسسٹنٹ کمشنر کے ہمراہ تھے۔
احمد شیر گوندل نے شہری سہولیات کے بہتر انتظام، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور مستقبل کے لائحہِ عمل پر واضح ہدایات جاری کیں۔





