نومبر 6, 2026

ضمنی انتخابات: معلوم ہوتا کہ ہمارا مینڈیٹ اس بار بھی تسلیم نہیں کیا جائے گا، تو انتخابات میں حصہ ہی نہ لیتے: بیرسٹر گوہر

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی نے تمام سختیاں برداشت کیں اور امید تھی کہ اس بار ان کا مینڈیٹ قبول کیا جائے گا، مگر ایسا نہیں ہوا۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر معلوم ہوتا کہ مینڈیٹ اب بھی تسلیم نہیں ہوگا تو پی ٹی آئی ضمنی انتخابات میں ہرگز حصہ نہ لیتی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہری پور میں پارٹی اپنی جیتی ہوئی نشست کا دفاع نہیں کر سکی، اور یہ سیٹ انہیں واپس نہیں دی گئی۔ ان کے مطابق ایک جیتی ہوئی نشست نہ دینا جمہوری عمل کے لیے انتہائی تشویش ناک ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ خیبر پختونخوا سمیت مختلف جگہوں پر کسی اور ہی کا “سکہ” چل رہا ہے، جو سراسر ظلم ہے۔

بیرسٹر گوہر نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کروانے پر بھی شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کے باوجود ملاقات کا بندوبست نہیں کیا جا رہا، ہر بار امید سے آتے ہیں کہ ملاقات ہو گی مگر صبر کا پیمانہ لبریز ہوتا جا رہا ہے۔