امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (APPAC) نیویارک نومنتخب میئر ظہران ممدانی کے لیے اگلے ماہ فنڈ ریزنگ کی میزبانی کرے گی۔ اےپی پیک کے چیئرمین ڈاکٹر اعجاز احمد نے بتایا کہ ممدانی کو ٹرانزیشن کے دوران فنڈز کی کمی کا سامنا ہے، جسے پورا کرنے کے لیے یہ تقریب منعقد کی جارہی ہے۔
فنڈ ریزنگ تقریب 4 دسمبر کی شام نیویارک شہر کے علاقے اولڈ ویسٹبری میں ہوگی۔ نیویارک کے قانون کے مطابق کوئی بھی شخص ایک شخص کو 3 ہزار 700 ڈالر سے زیادہ عطیہ نہیں کر سکتا، جس کے باعث تقریب میں تقریباً ڈیڑھ سو افراد شریک ہوں گے۔ اعلان کے چند گھنٹوں میں ہی تقریب میں بیٹھنے کے لیے 150 سے زائد افراد نے اپنی نشستیں بک کرالی ہیں۔
ظہران ممدانی اپنی انتظامیہ میں باصلاحیت افراد کو شامل کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔ انہوں نے ڈین فلائیہان کو فرسٹ ڈپٹی میئر اور ایلی بیسگارڈ چرچ کو چیف آف اسٹاف نامزد کیا ہے۔ ان کی ٹرانزیشن ٹیم کے کو چیئرز میں امریکن پاکستانی لینا خان، گریس بونیلا، ماریا ٹیریس اسپرنگر اور میلانی ہرزوگ شامل ہیں۔
پاکستان سے تعلق رکھنے والی لینا خان اسکاٹ لینڈ میں پیدا ہوئی تھیں اور 11 سال کی عمر میں والدین کے ساتھ امریکہ منتقل ہوئیں۔ یہ ابھی واضح نہیں ہے کہ میئر ظہران ممدانی اپنی انتظامیہ میں کسی پاکستانی امریکی کو شامل کریں گے یا نہیں، تاہم ان کے قریبی حلقوں میں کئی پاکستانی موجود ہیں۔
34 سالہ ظہران ممدانی نیویارک کے پہلے مسلم اور جنوب ایشیائی میئر ہیں۔ ان کی میئرشپ یکم جنوری 2026 سے شروع ہوگی اور توقع ہے کہ حلف برداری میں وہ قرآن حکیم پر ہاتھ رکھ کر عہدے کا حلف لیں گے۔





