نومبر 5, 2026

تھائی لینڈ میں 300 سال کا بارش کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ، 9 صوبے زیرِ آب، 19 افراد جاں بحق

تھائی لینڈ میں طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے اور ملک میں بارشوں کا 300 سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق مختلف علاقوں میں 400 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی، جس کے نتیجے میں شدید سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ جنوبی علاقوں سمیت سیاحتی شہر ہاٹ یائی بدترین متاثر ہوا جہاں مسلسل بارش کے باعث پانی کی سطح 8 فٹ تک پہنچ گئی۔

سیلاب نے مجموعی طور پر 9 صوبوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جبکہ ایک لاکھ 27 ہزار گھرانے متاثر ہوئے ہیں۔ تھائی وزارتِ صحت کے مطابق بارش اور سیلاب سے مختلف حادثات میں 19 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ کرنٹ لگنے کے واقعات میں بھی کئی ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں۔

صورتحال خراب ہونے کے بعد حکومت نے منگل کو جنوبی صوبے سونگکھلا میں ہنگامی حالت نافذ کردی ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں مزید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کی پیشگوئی کی ہے جس نے خدشات میں اضافہ کردیا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی نے خطے میں بارشوں کے معمولات کو غیر متوقع بنا دیا ہے۔ واضح رہے کہ ملائیشیا اور ویتنام میں بھی حالیہ بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں۔