اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے حالیہ ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے نومنتخب ارکانِ قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بابر نواز، بلال فاروق تارڑ، بلال بدر اور دیگر کامیاب امیدواروں کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ضمنی الیکشن میں اُن کی کامیابی عوامی اعتماد اور وزیراعلیٰ پنجاب کی محنت کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب ارکان ترقی، خوش حالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے قانون سازی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال، پارلیمانی امور اور ترقیاتی اقدامات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین، وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اقتصادی امور احد چیمہ اور اسپیکر پنجاب اسمبلی بھی وزیراعظم سے ملے۔





