منڈی بہاوالدین،(ڈاکٹر شاہد راٹھور سے )ڈویژنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک گجرات ڈاکٹر خالق شفیع کی ہدایت اورایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک منڈی بہاوالدین ڈاکٹر محمد ممتاز بیگ کی زیر نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ملکوال ڈاکٹر پرنس وقاص احمد نے تحصیل ملکوال، میانہ گوندل اور ہیڈ فقیریاں میں مختلف کھل، کھاد اور اینیمل فیڈ ڈیلرز کی دکانوں اور گوداموں کو چیک کیا۔

دوران انسپکشن مختلف ڈیلرز کی رجسٹریشن، انوائس، ریکارڈ اورکھل ونڈا کی کوالٹی کا جائزہ لیا گیا۔ انہوں نے دوران انسپکشن مختلف ڈیلرز سے فیڈز کے نمونہ جات حاصل کئے اور تجزیہ کے لیے واٹر اینڈ فیڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری راولپنڈی کو بھیج دئیے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو سٹاک و پرائس کنٹرول مجسٹریٹ ملکوال ڈاکٹر پرنس وقاص احمد نے دکانداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ صرف رجسٹرڈ اور معیاری کھل بنولہ اور ونڈا فروخت کریں۔

فیڈبیگ کا وزن20 یا 40 کلو گرام سے کم نہیں ہونا چاہیے نیز ہر فیڈ بیگ پر اس کے اجزائے ترکیبی، تاریخ، تیاری، ایکسپائری ڈیٹ اورافلاٹاکسن لیول درج ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ڈیلر کو غیر معیاری غیر رجسٹرڈ اور ناقص اینیمل اور پولٹری فیڈ کی مہنگے داموں فروخت اور کسان بھائیوں کے معاشی نقصان کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ۔

کسی بھی قسم کی شکایت، خلاف ورزی یا سیمپل فیل ہونے کی صورت میں متعلقہ ڈیلرکی دکان سیل کر کے اس کے خلاف پنجاب اینیمل فیڈ سٹف اینڈ کمپاونڈ فیڈ ایکٹ اور پرائس کنٹرول ایکٹ کے تحت سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔





