نومبر 4, 2026

ضلع انتظامیہ پانی کی نکاسی کے لیے متحرک ہے:ڈپٹی کمشنر گجرات

گجرات(نمائندہ خصوصی)ضلع انتظامیہ گجرات پانی کی نکاسی کے لیے متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک سمیت تمام انتظامی افسران فیلڈ میں موجود رہے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، میونسپل کارپوریشن کے افسران و عملہ نکاسی آب کے لیے فیلڈ میں موجود رہے اور نکاسی آب آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے ڈسپوزل اسٹیشنز جناح چوک، جی ٹی ایس چوک، فوارہ چوک، پرنس چوک و دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے پانی کے نکاس کے عمل، ڈسپوزل اسٹیشنز کی استعداد کار اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ شہر سے پانی کی نکاسی کا عمل تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ پانی کے نکاس کے لیے تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جارہے ہیں۔ ڈسپوزل اسٹیشنز پوری استعداد کے ساتھ چل رہے ہیں اور تمام موٹریں فنکشنل ہیں۔ جلد شہر سے پانی کی نکاسی مکمل کر لی جائے گی۔ شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جا رہا ہے۔ پانی کی نکاسی کے لیے ہیومن ریسورس اور ہیوی مشینری استعمال کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوریج لائنوں، نالوں اور ڈسپوزل اسٹیشنز کی مسلسل صفائی کی جا رہی ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے افسران و عملہ فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام معاملات کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے شہریوں سے اپیل کی کہ بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، بجلی کے کھمبوں اور تنصیبات کے پاس نہ جائیں، اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں فوری طور پر ریسکیو 1122 یا پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال کریں۔