نومبر 4, 2026

جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی بندش کے باعث گھریلو سلنڈرز مہنگے ہونے سے صارفین پریشان

جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم شہر سمیت ملحقہ علاقوں میں سوئی گیس کی بندش کے باعث گھریلو سلنڈرز مہنگے ہونے سے صارفین پریشان، صارفین کھانا ہوٹلوں سے خریدنے پر مجبور، صارفین کا گھریلو بجٹ شدید متاثر ہونے لگا، شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان، وفاقی وزیر پٹرولیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق شدید گرمی میں اضافے کے باوجود سوئی نادرن گیس کی جانب سے گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شہری علاقوں میں کئی کئی گھنٹے گیس بند کردی جاتی ہے جبکہ بعض علاقوں میں گیس کا پریشر نہ ہونے کے برابر ہوتا ہے، جس کیوجہ سے گھریلو خواتین کو امور خانہ داری انجام دینے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔صارفین کا کہنا ہے کہ صبح ناشتے کے اوقات سے لیکر رات کے کھانے تک ہوٹلوں اور تندوروں پر لائنوں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں جس سے گھریلو بجٹ بھی متاثر ہو رہا ہے۔ رہی سہی کسر ایل پی جی سلنڈر ز فروخت کرنے والے دکانداروں نے پوری کر دی ہے، نرخوں میں کئی گنا اضافہ کر دیا گیا ہے،شہریوں نے وزیر اعظم پاکستان،وفاقی وزیر پٹرولیم سمیت قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ موجودہ صورتحال کا نوٹس لیں اور سوئی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کو ختم کروانے کے ساتھ ساتھ ایل پی جی سلینڈر حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر فروخت کرنے کا پابند بنائے،گراں فروشی کے مرتکب دکانداروں کے خلاف قانونی کاروائیاں کی جائیں تاکہ صارفین کے گھروں کا بجٹ متاثر نہ ہو۔