گلیانہ(انصر فاروق مغل)سپریم کورٹ میں حالیہ ختم نبوت کیس میں کلیدی کردار ادا کرنے والے مجاہد ختم نبوت، نائب ناظم اعلیٰ جماعت اہلسنت پاکستان پروفیسر ڈاکٹر حمزہ مصطفائی نے کہا ہے کہ نبی کریم ﷺ کی ختم نبوت کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ عدالت عظمیٰ نے مسلمانوں کے جذبات اور توقعات کے عین مطابق فیصلہ میں تبدیلی کر کے مسلمانوں کے دل جیت لئے ہیں۔ فرینڈشپ گروپ آف کمپنیز کے دفتر میں چیئرمین چوہدری ندیم منظور بیگہ سے ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹر حمزہ مصطفائی نے کہا کہ قادیانیوں کی ریشہ دوانیوں کا سلسلہ کوئی نیا نہیں، یہ فتنہ قیامِ پاکستان سے قبل ہی مسلمانوں کی اجتماعی طاقت اور یکجہتی کو ختم کرنے کے درپے ہے لیکن اللہ کے فضل و کرم سے ہر محاذ پر اسے شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس بار تو انہوں نے ختم نبوت کے ساتھ ساتھ قرآن کریم میں تحریف کی ناپاک سازش بھی کی تھی جو مسلمانوں کی بروقت تحریک سے دم توڑ گئی کیونکہ قرآن کریم کی حفاظت کا ذمہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے خود اٹھا رکھا ہے اور وہ جس سے چاہتا ہے اس حوالے سے کام لے لیتا ہے۔ ڈاکٹر حمزہ مصطفائی نے مزید کہا کہ ختم نبوت کا پیغام اگلی نسلوں تک منتقل کرنے کیلئے ہر مسلمان کو اپنے طور پر جدوجہد کرنی چاہئے۔ اس موقع پرانجمن طلباء اسلام کے سابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات آفتاب نیئر صدیقی، فرینڈز آف کھاریاں کے ایگزیکٹو ممبر فواد عامر چوہدری ، رضوان لیاقت قادری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے





