جہلم(نمائندہ خصوصی) پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر موثر، دکانداروں نے اشیاء صرف کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ۔جہلم شہر و گردونواح میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں غیر موثر، دکانداروں نے اشیاء صرف کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر کے سادہ لوح عوام کی کھال ادھیڑنا شروع کر دی۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس، پرائس کنٹرول کمیٹیاں نے چپ کا روزا رکھ لیا۔شہریوں کا ڈپٹی کمشنر جہلم سے نوٹس لینے کا مطالبہ۔ تفصیلات کے مطابق اشیاء ضروریات زندگی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ پرائس لسٹ کے مطابق فروخت کو یقینی بنانے کیلئے انتظامی سطح پر پرائس کنٹرول کمیٹیاں تشکیل دی گئی تھیں لیکن بدقسمتی سے ان کمیٹیوں میں نامزد کئے گئے افراد اپنے ٹھنڈے دفاتر میں بیٹھ کر اعلیٰ افسران کو سب اچھا کی رپورٹس بھجوا رہے ہیں جبکہ حقیقت میں سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ سبزی فروشوں نے عوام کی کھال اتا رنا شروع کر دیا ہے پرائس کنٹرول کمیٹیوں نے اشیاء خورد نوش کے ساتھ ساتھ سبزیوں کی قیمتوں میں کمی کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتے ہیں، ضلعی پرائس کنٹرول کمیٹی نے سبزی فروشوں کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے کہ وہ جب چاہے جس طرح چاہئے قیمتوں میں ازخود اضافہ کرے خود ساختہ قیمتوں کی وجہ سے غریب عوام کا چولہا بجھ چکا ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے پیڑولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے ثمرات عوام تک نہ پہنچ سکے۔ دودھ،دہی، سبزی، اشیاء خوردونوش مافیا اتنے بے لگام ہو چکے ہیں کہ انہوں نے پرائس کنڑ ول کمیٹیوں کو بھی ماموں بنا دیا ہے سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ تھوک دوکانداروں کی جانب سے قیمتوں میں اضافے کے باعث ہم مہنگے داموں سبزی فروخت کرنے پر مجبور ہیں ضلعی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ تھوک فروشوں کے خلاف کارروائی کرے تاکہ ہم سستے داموں عوام کو سبزی فروخت کر سکیں، مہنگائی میں اضافے کی وجہ سے صورت حال گھمبیر ہوتی جارہی ہے ضلعی انتظامیہ کو چاہئے کہ وہ موجودہ صورت حال کا نوٹس لیکر سبزی فروشوں کے خلاف کاروائی کرے۔





