جون 9, 2026

ڈپٹی کمشنر گجرات کا عزیز بھٹی ہسپتال‘ گجرات جیل و دیگر مقامات کا دورہ

گجرات (نمائندہ خصوصی)ضلع گجرات میں وطن عزیز کا 77واں یومِ آزادی جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقع پر مرکزی تقریب ڈی سی کمپلیکس میں منعقد ہوئی، جہاں ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے شرکت کی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے عزیز بھٹی شہید ہسپتال، پولیس لائز گجرات، زمیندار کالج اور ڈسٹرکٹ جیل کا بھی دورہ کیا، انہوں نے جناح چوک گجرات میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شہریوں میں دو ہزار سے زائد پودے تقسیم کئے، جبکہ عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں ایم ایس ڈاکٹر آیاز ناصر اور نرسنگ سٹاف کے ہمراہ پودا لگایا، یوم آزادی کا کیک کاٹا،جیل کے دورہ کے موقع پر ایم پی ایز چوہدری اعجاز احمد رنیاں، خالد اصغر گھرال، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر ذاکر علی رانا، ڈی ایچ او ڈاکٹر غمخوار حسین شاہ، سپرینٹنڈنٹ جیل اشتیاق گل موجود تھے جہاں انہوں نے قیدیوں کے ملاقات کی اور تحائف دیے۔تفصیلات کے مطابق عزیز بھٹی شہید ہسپتال میں جشن آزادی کی مناسبت سے کیک کاٹا گیا اور ہسپتال میں داخل مریضوں کی عیادت کی گئی۔ مریضوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی تاکہ وہ بھی اس خوشی میں شریک ہو سکیں۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ جیل میں قیدیوں کی خیریت دریافت کی گئی اور ان میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کیے گئے۔ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے اس موقع پر کہا کہ یومِ آزادی پاکستان ایک خوشی کا موقع ہے، اور اس خوشی کو سب کے ساتھ بانٹنا ہمارا فرض ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے آبا و اجداد نے اس آزادی کے حصول کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں، اور اب ہمیں اس وطن کی ترقی کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے جناح چوک گجرات میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت شہریوں میں دو ہزار سے زائد پودے تقسیم کئے اور شہریوں کو جشن آزادی کی مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ انسے پودوں کی دیکھ بھال کرنے اور درخت لگانے کی تلقین کی۔