ملائشیا (بیورو چیف) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ملائشیا چیپٹر اور تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل ملائشیا کے درمیان ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں شیخ الاسلام ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کے ملائشیا دورے کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں علامہ طاہر القادری کے استقبال، خطاب، اور ملاقاتوں کے شیڈیول پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈاکٹر طاہر القادری 8 سے 11 اگست تک ملائشیا کا دورہ کریں گے، جہاں وہ سیرت النبی کے مختلف پہلوؤں پر خطابات کریں گے اور ملائشین اسلامی عقائدین سے خصوصی ملاقاتیں بھی کریں گے۔مشاورتی میٹنگ میں تحریک منہاج القرآن ملائشیا اور پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس ملائشیا چیپٹر کی سینئر قیادت نے شرکت کی۔اس اجلاس میں علی عمران، عبدالرسول بھٹی، غلام علی سولنگی، امجد رضا، اور خواجہ عمر قادری کے علاوہ داتو سری بابرشہزاد، ملک واجد، اور دیگر ممبران نے بھی شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تحریک منہاج القرآن ملائشیا کے عہدیداروں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کا ملائشیا دورہ امت مسلمہ کے استاد کے دورے کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے تاکید کی کہ علامہ طاہر القادری کا شایان شان استقبال کیا جائے اور ان کے خطابات کے ذریعے سیرت نبوی کو سمجھنے کی کوشش کی جائے، تاکہ ہم اپنی زندگیوں کو اسوہ حسنہ کے مطابق ڈھال سکیں۔





