جہلم(تحصیل رپورٹر) ضلع بھر میں جعلی ادویات کسانوں کیلئے درد ِ سر بن گئیں، کسان طبقہ معاشی طور پر بدحالی کا شکار ہونے لگا، زرعی ادویات مافیا کروڑ پتی بن گیا، تفصیلات کے مطابق جہلم سمیت چاروں تحصیلوں میں زرعی ادویات فروخت کرنے والے مافیا نے راتوں رات کروڑ پتی بننے کے چکروں میں ناقص و غیر معیاری، جعلی زرعی ادویات فروخت کرنی شروع کر رکھی ہیں،جس کی وجہ سے ضلع جہلم کی چاروں تحصیلوں سے تعلق رکھنے والے کسان معاشی بدحالی کا شکار ہو چکے ہیں، بااثر مافیا بعض اوقات ایسی زرعی ادویات فروخت کرتے ہیں جس سے کھڑی ہری بھری فصلیں جل کر راکھ کا ڈھیر بن جاتی ہیں،بااثر مافیا پیسے کمانے کے چکروں میں کسانوں کا خون چوسنے سے گریز نہیں کرتا بلکہ جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والی کمپنیوں کے کارندے مافیا کے ساتھ گٹھ جوڑ کرنے کے بعد جعلی ادویات سٹوروں پر بھجواتے ہیں جسکی وجہ سے کسان معاشی بدحالی کا شکار جبکہ زرعی ادویات فروخت کرنے والے راتوں رات کروڑ پتی بن رہے ہیں، ضلع جہلم کے کسانوں نے کمشنر راولپنڈی، ڈپٹی کمشنر جہلم سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمہ ذراعت کے ذمہ داران کو زرعی ادویات فروخت کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کرنے کا پابند بنایا جائے اور جن سٹوروں سے جعلی ادویات برآمدہوتی ہیں ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کروائے جائیں تاکہ کسان معاشی بدحالی سے بچ سکیں۔





