ٹورنٹو:صدر پاکستان اوور سیز فورم کینیڈا ڈاکٹر امجد اقبال تارڑ نے محرم الحرام کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ محرم الحرام ہمیں ایثار و قربانی کا درس دیتاہے۔ آج امت مسلمہ اغیار کے ظلم وستم کاشکار ہے امام عالی مقام علیہ السلام کی قربانی سے ثابت ہوا باطل کے سامنے حق جھک نہیں سکتا۔اہل بیت اطہارؓ کی محبت دنیا و آخرت کی کامیابی کا راز ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محرم الحرام نہ صرف نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسینؓ اور ان کے ساتھیوں کی اسلام کی سربلندی اور حق و صداقت کے لئے میدان کربلا میں دی گئی عظیم قربانی کی یاد دلاتاہے بلکہ ہمیں اخوت، رواداری اور بھائی چارے کا درس بھی دیتا ہے۔ واقعہ کربلا دنیا کے تمام مذاہب کیلئے ایک مثال ہے اور ہمیں اسی جذبہ ایمانی کے ساتھ اپنی زندگی گزارنی چاہئے۔ واقعہ کربلا اور شہادت اما م حسینؓ قربانیوں کی عظیم داستان ہے۔ آپ ؓ کی شہادت نے حق کا علم بلند کر کے عنانیت کا خاتمہ کیا۔ واقعہ کربلا ایک فرد یاطبقہ نہیں بلکہ پوری انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے آج کے دور میں ہمیں چاہئے کہ حضرت امام حسین ؓ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے یزیدی قوتوں کے خلاف متحد ہو جائیں۔





