منڈی بہاوالدین( ڈاکٹر شاہد راٹھور)قائم مقام ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ کا شادی ہالز کے اوقات کار اور ون ڈش کی خلاف ورزی پر سخت کریک ڈاؤن جاری، اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف میرج ہالز جن میں رائل مارکی، عمر میرج ہال اور پی سی مارکی کو چیک کیا، انہوں نے ون ڈش کی خلاف ورزی پر پی سی مارکی کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ندیم بلوچ کا کہنا تھا کہ شادی ہالز انتظامیہ اوقات کار اور ون ڈش پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، میرج ایکٹ کی خلاف ورزی پر شادی ہال سیل، مالکان کو بھاری جرمانہ اور ایف آئی آر کا اندراج بھی ہو سکتا ہے۔ قبل ازیں اسسٹنٹ کمشنر نے غیر قانونی پٹرولیم ایجنسیز اور گاڑیوں میں غیر قانونی گیس سلنڈر بھرائی کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 4 دکانوں کو سیل کر کے ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ حکومتی ہدایت پر غیر قانونی ںپٹرولیم ایجنسیز اور گاڑیوں میں گیس بھرائی کے خلاف کاروائی جاری رہے گی۔ بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف ہوٹلز اور نانبائیوں کی دکانوں پر روٹی اور نان کی قیمتوں اور وزن کو چیک کیا جو کہ پورا پایا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر نے مختلف کریانہ شاپس پر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو بھی چیک کیا، انہوں نے مہنگی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے مختلف دکانداروں کو 25 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ مصنوعی مہنگائی کر کے مہنگی اشیائے خوردونوش فروخت کرنے والے دکاندار کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں





