نومبر 3, 2026

جہلم:تحصیل پنڈدادنخان کے مغربی علاقے میں پانی کی فراہمی کے مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی کا فوری ایکشن

جہلم (چوہدری سالک پسوال)تحصیل پنڈدادنخان کے مغربی علاقے میں پانی کی فراہمی کے مسائل کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہونے پر ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کا فوری ایکشن۔بھیلووال، للہ، کندوال، قادرپور، کوٹلی سیدان، کہانہ، راج گڑھ اور احمد آباد یو سی کے علاقوں میں پانی کے مسئلے کو 50 فیصد حل کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر جہلم سیدہ رملہ علی کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر پنڈدادنخان اسامہ شیرون کا ہنگامی بنیادوں پر آپریشن شروع، غیر قانونی طریقے سے مین لائنوں سے حاصل کردہ درجنوں کنکشنوں کو کاٹ دیا گیا اور مزید کنکشنوں کو کاٹا جا رہا ہے پائپ لائنوں میں پانی کا بہاؤ یکساں کرتے ہوئے پانی سے محروم افراد کے گھروں اور گاؤں گوٹھوں تک پانی پہنچانے کے لیے آپریشن جاری ہے، غیر قانونی کنکشن کاٹنے سے ان علاقوں میں پانی کی فراہمی میں واضح بہتری آئی ہے۔ عوام نے ڈپٹی کمشنر کے فوری ایکشن کو سراہااور امید ظاہر کی ہے کہ مستقبل میں بھی عوامی مسائل کو اسی طرح فوری طور پر حل کیا جاتا رہے گا۔ ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا فوری حل ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ علاقے کے لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پانی کی فراہمی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مستقل بنیادوں پر نگرانی جاری رکھی جائے گی تاکہ کسی بھی قسم کی مشکلات کا بروقت تدارک کیا جا سکے۔