نومبر 3, 2026

منڈی بہاؤالدین:ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے گندم اور کماد کے پیداواری مقابلہ جات 24-2023 میں جیتنے والے خوش نصیب کاشکاروں میں چیکس تقسیم کئے

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے وزیراعظم پاکستان کے قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت گندم اور کماد کے پیداواری مقابلہ جات 24-2023 میں جیتنے والے خوش نصیب کاشکاروں کے درمیان چیکس تقسیم کئے۔ اس حوالے سے ایک تقریب ڈپٹی کمشنر آفس میں منعقد ہوئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت (توسیع) شیخ محمد اقبال نے وزیر اعظم پاکستان قومی زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت کسان کارڑ پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اس سے کاشتکاروں اور زراعت کی ترقی کیلئے مختلف پہلووں سے آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا جیتنے والے کسانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحت زرعی شعبے کی ترقی اور فروغ کیلئے انقلابی اقدامات اور تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں، موجودہ حکومت کا عزم ہے کہ کسان بھائیوں کی معاشی ترقی اور استحکام کے لیے زیادہ سے زیادہ ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کاشت کاروں کو سبسڈی پر منظور شدہ اقسام کے بیج و زرعی مشینری فراہم کی جا رہی ہے جس سے آنے والے دنوں میں ان کی فصلات میں اوسط پیداوار میں کئی گنا اضافہ ممکن ہو گا۔ بعد ازاں پیداواری مقابلہ جات میں جیتنے والے کاشتکاروں میں چیکس تقسیم کئے گئے، جس کے مطابق گندم کے پیداوری مقابلہ جات میں پہلا انعام زکاء اللہ ساکن ڈھوک کاسب مبلغ 3لاکھ روپے، دوسرا انعام ضیاد خان ساکن گھنیاں مبلغ دو لاکھ اور تیسرا انعام غلام نبی ساکن برج گھنیاں مبلغ ایک لاکھ روپے کے چیکس تقسیم کئے گئے جبکہ کماد کے پیداواری مقابلہ جات میں پہلا انعام زاہد محمود ساکن بچر مبلغ تین لاکھ، دوسرا انعام نعمان جاوید ساکن بھیرووال مبلغ ایک لاکھ 50 ہزار اور تیسرا انعام شاہد اقبال ساکن چک نمبر 15 مبلغ 75ہزار روپے کے چیکس تقسیم کئے۔ اس موقع پر کاشتکاروں نے حکومت کے کسان دوست اقدامات اور محکمہ زراعت (توسیع)کی کارکردگی کو سراہا۔