منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ عید الاضحیٰ کے دوسرے روز بھی فیلڈ میں مسلسل مصروف عمل، ڈپٹی کمشنر نے پھالیہ کا دورہ کر کے عید الاضحیٰ کے حوالے سے قائم کیمپس اور گھنیاں روڈ اور بلال چوک میں عارضی آلائشوں کے پوائنٹس کا معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کے ویثرن کے مطابق شہریوں کو صاف ستھرے ماحول کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ صفائی عملہ سے تعاون کریں۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال، تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال پھالیہ اور بی ایچ یو مانگٹ کا بھی اچانک دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی، سٹاف کی حاضری، ایمرجنسی، لیبارٹری، میل فی میل وارڈز، ادویات کا سٹاک، مریضوں کا ڈیٹا، ڈیوٹی روسٹر سمیت دیگر شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے مریضوں اور ان کے لواحقین سے طبی سہولیات کی فراہمی کے متعلق بھی استفسار کیا اور اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔

ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا کہنا تھا کہ وزیراعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پر عوام الناس کو صحت کی بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے ضلعی انتظامیہ دن رات مصروف عمل ہے، ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں عوام الناس کو صحت کی جدید مفت طبی اور ٹیسٹنگ کی سہولیات سمیت مفت ادویات فراہم کی جا رہی ہیں، انہوں نے ڈاکٹرز صاحبان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو طبی لحاظ سے ہر ممکن سہولیات کی بروقت فراہمی آپ کی بنیادی اور پیشہ وارانہ ذمہ داری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے عید الاضحیٰ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کر کے افسران و ملازمین کی ڈیوٹیاں چیک کیں۔ ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ افسران نے مرکزی کنٹرول روم میں شکایات کے موصول ہونے اور ازالہ کی میکنزم بارے تفصیلی آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا متعلقہ افسران و عملے کو ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات ضلعی انتظامیہ کیلئے چیلنج کی حیثیت رکھتے ہیں۔ انشاء اللہ اسی جوش و جزبے سے شہر اور دیہات کو پاک صاف کریں گے۔ شہری صفائی ستھرائی اور آلائشیں اٹھانے کے حوالے سے کسی بھی شکایت کی صورت میں متعلقہ کنٹرول روم سے رابطہ کر سکتے ہیں






