نومبر 5, 2026

ڈاکٹر زاہد یوسف کا پیسیفک یونیورسٹی کیلیفورنیا کا دورہ

گجرات(نمائندہ خصوصی)یونیورسٹی آف گجرات کے ڈین پروفیسر ڈاکٹرزاہد یوسف کا پیسیفک یونیورسٹی کیلیفورنیاکادورہ۔جامعہ گجرات کے ڈین برائے فیکلٹی آف آرٹس پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے یونیورسٹی آف پیسیفک کیلیفورنیاامریکہ کا دورہ کرتے ہوئے دونوں جامعات کے مابین دوطرفہ تعاون کو طلبہ کی عملی تربیت میں مزید بہتری کا راہنما سنگ میل قرار دیا۔یونیورسٹی پریذیڈنٹ کالہان کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے ڈاکٹرزاہد یوسف نے وائس چانسلر یونیورسٹی آف گجرات پروفیسر ڈاکٹر مشاہد انور کی طرف سے پریذیڈنٹ کرسٹوفر کالہان کو ایک خصوصی خط پیش کیا، جس میں تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی تعلیمی ترقی کی راہیں تلاش کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا تھا۔پریذیڈنٹ کالہان نے ایکسچینج پروگرام کا خیر مقدم کرتے ہوئے پروفیسرڈاکٹر مشاہد انور کے نام جوابی خط میں طلبہ و اساتذہ کے لیے اس کے علمی اور ثقافتی فوائد کی گرانقدری کو خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ دورہ ڈائریکٹر گریجویٹ پروگرام ڈاکٹر چنگ وین ڈونگ کی خصوصی دعوت پر کیا گیا جو شعبہ ابلاغیات کے سربراہ اورسرکردہ ماہر تعلیم ہیں۔ اس دورے نے نہ صرف دونوں ممالک کے ماہرین تعلیم کے درمیان نتیجہ خیز بات چیت کی سہولت فراہم کی ہے بلکہ دونوں جامعات کے مابین جدیدتعلیمی اور تحقیقی تعاون کے سلسلے کی بنیاد بھی رکھی ہے۔ ڈاکٹر زاہد یوسف نے پریذیڈنٹ یونیورسٹی آف پیسیفک کرسٹوفر کالہان، نائب صدر میری لومیکس، ایسوسی ایٹ پرووسٹ ڈیوڈ اوجیسیئس، ڈین لی سکنر، ڈائریکٹر انٹرنیشنل سکالرز اینڈ سروسز پیٹرک وولک، ڈائریکٹر ایڈمیشنز سمیت اہم اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ملاقاتوں میں تعلیمی تعاون اوردوطرفہ تعلقات میں اضافہ کے لیے مشترکہ وژن پر زور دیا۔ڈاکٹر زاہد یوسف نے پریذیڈنٹ کالہان کو جامعہ گجرات کے سنٹربرائے میڈیاو کمیونیکیشن سٹڈیز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ پریذیڈنٹ کالہان نے سنٹرکی ترقی اور پاکستانی صحافت میں اس کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تحقیقی اور ثقافتی اشتراک می کے لیے سنٹرکی کاوش و کردار کی تعریف کی اور مستقبل میں پروفیسر چنگ وین ڈونگ کے ساتھ سنٹرکے دورہ کی خواہش کا اظہار کیا۔ڈاکٹر زاہد یوسف ڈاکٹر ڈونگ کے ساتھ کئی منصوبوں پر کام کر چکے ہیں جن کا مقصد تعلیمی منظرنامے کو تقویت دینا اور بین الاقوامی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔ مجوزہ اقدامات میں سنٹربرائے میڈیاو کمیونیکیشن سٹڈیز کے پوسٹ ڈاکٹریٹ طلبا کے لیے تربیتی پروگرام، فیکلٹی ایکسچینج پروگرام، طلبہ کے تبادلے، اور ڈبل ڈگری پروگرام شامل ہیں۔یونیورسٹی آف گجرات اور یونیورسٹی آف پیسیفک کے درمیان مجوزہ ایکسچینج پروگرام طلبہ کو تیزی سے ترقی کرتے ہوئے عالمی تعلیمی ماحول سے روشناس کرواتے ہوئے جدید دنیا کے مسائل سے نبرد آزما ہونے کا سلیقہ و ہنرسکھانے میں ممد و معاون ہوگا۔