نومبر 4, 2026

کراچی؛ مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو ہلاک، 7 گرفتار

کراچی: سعیدآباد، ناظم آباد اور شارع فیصل پولیس نے مقابلوں میں ایک ڈاکو کو ہلاک اور ایک زخمی سمیت 7 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ، دستی بم اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔ علاوہ ازیں شارع فیصل پر پولیس مقابلے کے دوران منشیات کے ڈیلرز کی فائرنگ سے ایک شہری بھی زخمی ہوا۔پیرآباد کے علاقے مکان نمبر 562 گلی نمبر 8 قصبہ میانوالی کالونی بلال مسجد کے قریب پُراسرار فارئرنگ سے 7 سالہ بچی زخمی ہوگئی، زخمی ہونے والی بچی کو طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان پولیس کے مطابق زخمی بچی کی شناخت 7 سالہ عائشہ دختر عمرشریف کے نام سے کی گئی، واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔اُدھر مومن آباد کے علاقے اورنگی ٹاون ضیا کالونی کٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 45 سالہ نوروز خان ولد عبد الغفور کے نام سے کی گئی۔ واقعہ اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا، علاقہ پولیس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔دریں اثنا زمان ٹاون کے علاقے کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی کٹ کے قریب فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوگیا، جسے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کی شناخت 28 سالہ وسیم ولد اکرم کے نام سے کی گئی، جسے 3 گولیاں ماری گئی ہیں۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر پیش آیا۔