نومبر 4, 2026

منڈی بہاؤالدین: ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس،آفیسران، علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں کی شرکت

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور) وزیراعلی پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی خصوصی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلعی امن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر منڈی بہاوالدین ندیم بلوچ، ممتاز علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اسلام امن و سلامتی کا دین ہے جو صبر و تحمل رواداری اتفاق و اتحاد اور بھائی چارہ کا درس دیتا ہے۔ منڈی بہاوالدین کے علمائے کرام، مشائخ عظام اور ذاکرین ہمیشہ محبت اور بھائی چارے کا پیغام دیتے ہیں، عید الاضحی کے موقع پر پولیس، سکیورٹی ادارے مختلف مکاتب فکر، علمائے کرام، انجمن تاجران اور دیگر سٹیک ہولڈر کی معاونت سے ضلع میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عید الاضحٰی کے موقع پر قربانی کی کھالیں حکومت سے منظور شدہ اداروں کے علاوہ لینے کی اجازت نہیں ہوگی۔ اس موقع پر مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور گزارشات پیش کیں۔ اس موقع پر علمائے کرام اور انجمن تاجران کے نمائندوں نے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلع میں امن و امان کو فروغ دینے کے لیے مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ اجلاس کے اختتام پر ملک پاکستان کی سلامتی کے لیے دعا بھی کی گئی۔