نومبر 4, 2026

کھاریاں:وزیر خوراک اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی کااچانک چھاپہ،دیونہ منڈی کے قریب معروف ہوٹل کو 2لاکھ جرمانہ عائد

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار سے)فوڈ اتھارٹی کی بڑی کاروائی،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیاں،دیونہ منڈی کے قریب معروف ہوٹل کو 2لاکھ جرمانہ عائد،تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین اور ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے مین جی ٹی روڈ دیونہ منڈی میں واقع معروف ہوٹل پر چھاپہ مارا۔ بدبودار اور خراب سبزیاں تلف کردیں۔وزیر خوراک نے بتایا کہ سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر کارروائی عمل میں لائی گئی۔انتہائی لازم ریکارڈ اور ضروری دستاویزات عدم موجود پائی گئیں۔کچن ایریا میں صفائی کے ناقص انتظامات اور حشرات کی بھرمار پائی گئی۔بدبودار اور خراب سبزیاں خوراک کی تیاری میں استعمال کی جارہی تھی۔پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر معروف ہوٹل کو 2لاکھ جرمانہ عائد کیا گیا۔ وزیر خوراک نے کہا کہ خوراک کا کاروبار کرنے والے پیور فوڈ ریگولیشنز پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔ مقرر کردہ قوانین سے تجاوز کرنے والوں کو پنجاب میں کاروبار کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ ملاوٹ کرنے والے خبردار رہیں، جعلسازی پر کاروبار بند کر کے سخت سزائیں دی جائیں گی۔