منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)حکومت پنجاب کی ہدایت کی روشی میں ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ماحولیات سمیت ہول سیل ڈیلرز،تاجر تنظیموں کے عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کاکہنا تھا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق 5 جون 2024 سے ضلع منڈی بہاوالدین کی حدود میں پلاسٹک بیگ کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے کیونکہ پلاسٹک بیگ ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ سیوریج لائنز اور نکاسی آب کے مسائل پیدا کر رہے ہیں، پلاسٹک بیگ کو آگ لگانے سے خطرناک مضر صحت اجزاء خارج ہوتے ہیں،ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے پلاسٹک بیگ کا استعمال ترک کرنا ہوگا،، تاجرو دکاندار حضرات اور شہری پلاسٹک بیگ کا استعمال ترک کرکے بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگز یا کپڑے کا تھیلا استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجر برادری اور شہری ماحول کو آلودگی سے صاف رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ آنے والی نسلوں کو صحت افزاء ماحول فراہم کیا جاسکے۔





