منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)وزیراعلیٰ پنجاب، چیف سیکرٹری پنجاب اور کمشنر گوجرانوالہ کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنرشاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ضلع بھر میں ٹریفک کے مسائل کے حل کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایکسیڈینٹل ریویو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری آر ٹی اے فریال نعیم، ڈی ایس پی ٹریفک، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر عمران خان سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122عمران خان نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ضلع بھر میں پچھلے ایک ماہ کے دوران ہونے والے حادثات کی رپورٹ پیش کی انہوں نے بتایاکہ ماہ مئی کے دوران ضلع بھر میں کل 531ٹریفک حادثات ہوئے۔ ان حادثات کے ہونے کی وجوہات پر تفصیلی گفتگو کی گئی. انہوں نے بتایا کہ ان حادثات کے ہونے کی نمایاں وجوہات ٹریفک قوانین کی لاعلمی اور ان پر عمل پیرا نہ ہونا، کم عمر افراد کا موٹر سائیکل چلانا،بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانا، تیز رفتاری وغیرہ ہیں۔ ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے بریفنگ سننے کے بعد کہا کہ والدین میں اس بات کی آگاہی پیدا کی جائے کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو موٹرسائیکل اور گاڑی کی ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔ انہوں نے ڈی ایس پی ٹریفک کو موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ نہ استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایت کی۔





