ڈنگہ(احتشام اللہ اسلم)بس میں سوار سٹوڈنٹس کو ہراساں اور ہوائی فائرنگ کرنے والے4 اوباش پولیس نے گرفتار کرلئے۔تفصیلات کے مطابق چند روز قبل نجی تعلیمی ادارے کی بس سٹوڈنٹس کو لے کر چلیانوالہ جارہی تھی۔جب مذکورہ بس چار گاہ لوکڑی ڈنگہ کے پاس پہنچی تو موٹر سائیکل پر سوار 4اوباش نوجوانوں نے بس ڈرائیور اور سٹوڈنٹس کو ہراساں کرنا شروع کر دیا۔ اسی دوران ملزمان نے ہوٹنگ کرتے ہوئے پسٹل سے ہوائی فائرنگ بھی کی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ انسپکٹر مجاہد عباس پولیس نفری کے ہمراہ فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گیا اور بس میں سوار طلباء کو بحفاظت گھروں تک پہنچا کر نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔

واقعہ کی سنگینی کے متعلق ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ کو بھی آگاہ کیا گیا۔ جنہوں نے ہدایت کی کہ واقعہ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد ٹریس کرکے قانون کے مطابق سزا دلوائی جائے۔ ایس ایچ او تھانہ ڈنگہ مجاہد عباس نے چند گھنٹوں کے اندر ملزمان کو ٹریس کرلیا اور مختلف چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے کر مختلف مقامات سے چاروں اوباش ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کے قبضہ سے 2پسٹل بھی برآمد کرلئے گئے۔ جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔
ڈی پی او گجرات مستنصر عطاء باجوہ نے کہا ہے کہ بچوں کو حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ سٹوڈنٹس کو ہراساں اور پریشان کرنے والے افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔





