جہلم(چوہدری عابد محمود)دریائے جہلم، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی، ڈپٹی کمشنر نے دفعہ 144 کے تحت دریائے جہلم، نہروں اور ندی نالوں میں نہانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ڈپٹی کمشنر کے دفتر سے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور منگلا ڈیم سے 70 ہزار کیوسک پانی چھوڑے جانے کی وجہ سے دریائے جہلم میں نہانے اور تیرنے کا غیر قانونی رحجان بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے دریا جہلم میں ڈوبنے کے واقعات کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے۔ڈپٹی کمشنر سیدہ رملہ علی نے دریائے جہلم میں نہانے پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد کر دی ہے، جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گی۔ دریاؤں، نہروں اور برساتی نالوں میں تیراکی یا نہانے پر بھی پابندی ہو گی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی۔یاد رہے کہ گزشتہ روز جہلم کے علاقہ مصری موڑ کے قریب ملک پور میں 5 سالہ بچی دریائے جہلم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئی تھی، ریسکیو عملے نے لاش کو دریا سے نکال کر ورثاء کے حوالے کردیا۔





