جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم پریس کلب کے سینئر ممبر چیئرمین میڈیا ون سید اکرم حسین بخاری نے کہا ہے کہ دنیا میں ماں ایک ایسا انمول رشتہ ہے جس کا کوئی نعم البدل نہیں، ماں خدا کی محبت کا دنیا میں ایک روپ ہے، ماں سے زیادہ اولاد سے محبت کرنے والا کوئی اور نہیں ہوسکتا، ماں کے قدموں تلے جنت رکھی گئی ہے ماں اپنے بچوں کے لیے جیتی ہے اور بچے اس کی سب سے بڑی دولت ہوتے ہیں، جہاں لفظ ماں آیا جان لو کہ ادب کا مقام آیا، اللہ جو خالق کا ئنات ہے اْس نے ماں سے بہتر شفیق و مہربان ہستی اس کا ئنات میں پیدا ہی نہیں کی، یہ ہستی اپنے اندر محبت و پیار کا ایک ایسالاز وال ٹھاٹھیں مارتا ہواسمندر لئے ہوئے ہے جس کا کوئی کنارہ نہیں، اگر اولاد کو ذرا سا پریشان اور دکھ میں دیکھتی ہے تو فورا محبت کا سمندر ٹھاٹھیں مارنے لگتا ہے اور اس دکھ کو اپنی لہروں میں بہا کر محبت میں بدل دیتی ہے اور پھر سے زندہ رہنے کی امیدوں کو جواں کر دیتی ہے، اگر کائنات کے عجا ئبات کا بغور مشاہدہ کیا جائے تو ماں خواہ جتنی بھی اولاد سے خفا ہو جائے مگر دل سے نہ خفا ہوتی ہے اور نہ بددعا دیتی ہے، حقیقت تو یہ ہے کہ مجھے تو اس ہستی کے ڈانٹ میں بھی محبت کا اظہار نظر آیا،خوش نصیب ہیں وہ لوگ جن کی مائیں زندہ اور حیات ہیں اور وہ اْن کی دعاؤں سے مستفید ہوتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جہلم پریس کلب کے صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید اکرم حسین بخاری نے کہا کہ ماں کے پیروں کی دھول میں بھی پھول اگتے ہیں، ماں ایسی میٹھی روشنی ہے جس میں ممتا اور محبت کی کلیاں مسکراتی ہیں ماں ایسی روشنی ہے جس میں تپش نہیں ہوتی، ماں ایک تابندہ ستارہ ہے جو اندھیرے میں روشنی بکھیرتی ہے۔ ماں کی نظر کرم ابر رحمت کا خو شگوار سایہ ہے، ماں کا دل ساگر سے بھی زیادہ گہرا ہے، جہاں پر رنج وغم چھپ جاتے ہیں۔ ماں ایک چمن ہے جس کے پھولوں کی رنگت کبھی ماند نہیں پڑتی۔





