منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹر شاہد راٹھور)ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عابد یوسف، ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرولر محمد افضل، ڈسٹرکٹ سیکرٹری کوالٹی کنٹرول بورڈ عظمیٰ مظہروڑائچ، ڈرگ انسپکٹرزعطا المصطفیٰ،اورنگزیب، صداقت،ممبرز کمیٹی میڈیسن ڈاکٹر کفایت رسول،ڈاکٹر ارشد تنویر سمیت متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔اجلاس میں کل22میڈیکل سٹورز کے کیسز پیش کئے گئے، جن پر بغیر لائسنس، بغیر وارنٹی، زائدالمیعاد، غیر رجسٹرڈ ادویات رکھنے اور ادویات کا ریکارڈ نہ رکھنے وغیرہ جیسے الزامات تھے۔اجلاس میں تمام میڈیکل سٹورز مالکان کو اپنی صفائی پیش کرنے کا فرداً فرداً موقع دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر نے10میڈیکل سٹورز مالکان کے خلاف مقدمات ڈرگ کورٹ بھیجنے،5 میڈیکل سٹورز کو وراننگ، 3 میڈیکل سٹورز مالکان کا اگلے اجلاس میں پیش ہونے اور3میڈیکل سٹورز کو ڈی سیل کرنے جبکہ ایک میڈیکل سٹور کو دوبارہ چیک کرنے کاحکم دیا۔ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ نے واضح کیا کہ کوالیفائیڈ شخص کے بغیر میڈیکل سٹور یا کلینک کام نہیں کر سکتا۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلا تفریق کاروائی کریں۔وارننگ یا سزا کے بعد بھی بے قاعدگیوں سے باز نہ آنے والے میڈیکل سٹوروں کا کیس بغیر کسی تفریق کے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا کر موثر پیروی کی جائے۔





