جہلم(چوہدری دانیال عابد)جہلم رورل ایر یاز ڈویلپمنٹ کونسل الارشاد نے قصبہ پنن وال میں درجنوں گھرانوں میں عید کا راشن پیکج تقسیم کیا۔ حسب سابق ر وایت 27 رمضان المبارک کو تنظیم کے مرکزی دفتر میں ایک دعائیہ تقریب منعقد ھوئی جس میں تنظیم کے انتظامی اراکین نے شرکت کی اس موقع پر تنظیم کے بانی ڈاکٹر وحید مغل نے برطانیہ سے بذریعہ ٹیلیفون شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا۔ نعت رسول مقبولﷺ کا نذرا نہ سہیل عباس نے پیش کیا۔ تمام ممبران نے گذشتہ سال کے دوران وفات پا جانے والے اراکین کے لئے دعائے مغفرت کی۔ تنظیم کے سرپرست اعلیٰ صابر حسین بھٹی، بانی اراکین ڈاکٹر محمد جاوید اقبال نصیر، راجہ مونس حیات اور حاجی نیاز علی دوران سال وفات پا گئے تھے۔ تمام ممبران نے وفات پا جانے والے اراکین کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا۔ تنظیمیں ممبران نے سابقہ سرپرست اعلی راجہ ریاست علی خان کی صحت یابی کیلئے دعا بھی کی تنظیم کے جنرل سیکرٹری سعید اختر مغل نے اراکین کو تنظیم کی سالانہ سرگرمیوں کے بارے آگاہ کیا۔ ممبران نے سابق تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ امسال عید راشن کی تقسیم رات کے اندھیرے میں ضرورت مند گھرانوں کی دہلیز پر پہنچائی جائے گی۔ ممبران نے اپنے محلوں میں ضرورت مند افراد کے گھروں میں رات کو راشن پہنچایا۔ راشن کی تقسیم میں اس بات کو یقینی بنایا گیا کہ کسی کی بھی عزت نفس مجروح نہ ہو، تنظیم کے ممبران نے ڈاکٹر وحید مغل کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حسب روایت راشن کیلئے جاری رقم عطیہ کی۔اس موقع پر ڈاکٹر وحید مغل نے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیکی ایک ایسا پودا ہے جس کا سایہ اورپھل انسان کو آخرت تک ہمیشہ کیلئے ملتا رہے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈ بنک کی اپریل 2023 کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت کی شرح .2 37 فیصد تھی جس کا مطلب ہے ہر سو میں سے 37 فیصد افراد خط غربت سے نیچے کی زندگیاں بسر کرر ہے ہیں۔ یہ ہماری معاشرتی ذمہ داری ہے کہ ھم اپنے اردگرد موجودایسے نادار،مستحق افراد کا خیال رکھیں۔ رمضان المبارک کامقدس مہینہ ہمیں تزکیہ نفس سیکھاتا ہے۔ تزکیہ نفس کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ ہم اپنے رزق حلال میں سے غریب پروری کریں۔ انہوں نے مزید کہا قرآن و حدیث میں اتفاق فی سبیل اللہ کی بار بار تاکید کی گئی ہے۔ لہذا ہر مسلمان کو اپنی حیثیت کے مطابق اپنے سے کمزور لوگوں پر خرچ کرنا چاہئیے۔



