پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم ملتان سلطانز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر چیمپئن بن گئی۔کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 20ویں اوورز کی آخری گیند پر ہدف مکمل کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی، مارٹن گپٹل نے 50 اور اعظم خان نے 30 رنز بناکر ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔یونائیٹڈ کے آل راؤنڈر عماد وسیم 19 رنز بناکر ناقابل شکست رہے، جبکہ کولن منرو اور نسیم شاہ نے 17-17 رنز کی اننگز کھیلی۔ملتان سلطانز کی پہلی دو وکٹیں 14 کے مجموعے پر ہی گر گئی تھیں، تاہم محمد رضوان اور عثمان خان نے 53 رنز کی پارٹنرشپ بنا کر ٹیم کو مشکلات کے بھنور سے نکالا۔ رضوان 26 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم انکے بعد آنے والے کھلاڑی خاطر خواہ اننگز نہ کھیل سکے تاہم عثمان خان کی 57 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز نے اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔اختتامی لمحات میں افتخار احمد نے 32 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر سلطانز کا ٹوٹل 9 وکٹوں پر 159 رنز تک پہنچا دیا۔ ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے عماد وسیم نے 5 اور اور شاداب خان نے 3 وکٹیں لے کر ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن کی کمر توڑی۔





