بلوچستان کے اضلاع کچھی اور خاران میں سکیورٹی فورسز کے 2 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ ہندوستان اور فتنہ الخوارج کے 17 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے یہ دونوں کارروائیاں یکم نومبر کو انجام دیں۔ پہلی کارروائی کچھی ضلع کے علاقے سنی میں کی گئی، جہاں دہشت گردوں نے سڑک بند کر کے رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ان کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔ اس کارروائی میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے اور ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔
دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن ضلع خاران میں کیا گیا، جہاں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی ایک خفیہ گاہ کا سراغ لگا کر اسے تباہ کر دیا۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران فتنہ الخوارج کے 7 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے، اور وہاں سے بھی اسلحہ و بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خاران میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران ضلع کرک سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے 25 سالہ سپاہی حکمت اللہ نے بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ علاقے میں کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں اور ملک سے بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔





