نومبر 4, 2026

پاکستان عوامی تحریک کا آئندہ بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کا اعلان، گجرات میں مرکزی و ڈویژنل قیادت کا بڑا اجلاس

مرکز منہاج القرآن عمر فاروق ٹاؤن گجرات میں پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی اور ڈویژنل قیادت کا ایک انتہائی اہم اور بڑا اجلاس منعقد ہوا، جس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اہم ترین فیصلے کیے گئے۔

اجلاس میں ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن ضلع گجرات ڈاکٹر سید محمد ہارون بخاری نے خصوصی شرکت کی۔ اس کے علاوہ ڈویژنل صدر تحریک منہاج القرآن ڈویژن گجرات چوہدری وسیم ہمایوں، ڈویژنل ناظم تحریک منہاج القرآن چوہدری محمد اکرم اور ضلعی ناظم تحریک منہاج القرآن ضلع گجرات زاہد سلیم صدیقی الحسینی نے بھی خصوصی شرکت کی۔

پاکستان عوامی تحریک کی مرکزی قیادت میں مرکزی نائب صدر پاکستان عوامی تحریک میاں ریحان مقبول، جنرل سیکرٹری پاکستان عوامی تحریک سنٹرل پنجاب عبدالحمید مصطفوی، میاں کاشف محمود اور میاں عبدالقادر نے گجرات کا دورہ کیا اور ڈویژن گجرات کی پاکستان عوامی تحریک کے اجتماع سے خطاب کیا۔ گجرات پہنچنے پر مہمانان گرامی کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اجلاس میں ڈویژن گجرات کے تمام اضلاع سے بھرپور نمائندگی دیکھی گئی۔

اس موقع پر پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر میاں ریحان مقبول نے خطاب کرتے ہوئے واضح الفاظ میں اعلان کیا کہ پاکستان عوامی تحریک آئندہ منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور طور پر شرکت کرے گی اور ہر ہر سطح پر اپنے امیدوار کھڑے کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلے میں تمام ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے اور الیکشن میں پاکستان عوامی تحریک کے کردار پر مکمل پلاننگ کی جا چکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈویژن گجرات کے تمام اضلاع بشمول ضلع گجرات، ضلع منڈی بہاؤالدین، ضلع وزیرآباد اور ضلع حافظ آباد کی ہر ہر یونین کونسل میں امیدواران کھڑے کیے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام عہدیداران و کارکنان کو جلد از جلد امیدواران فائنل کر کے الیکشن کی تیاریوں کے آغاز کی ہدایت جاری کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر تحریک منہاج القرآن ڈاکٹر سید محمد ہارون بخاری نے کہا کہ تحریک منہاج القرآن ہر ہر سطح پر قدم بقدم پاکستان عوامی تحریک کے شانہ بشانہ ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ جیسے ہی پاکستان عوامی تحریک میدان عمل میں آئے گی، تحریک منہاج القرآن کا ہر فرد ان کے ساتھ ہوگا۔ ڈاکٹر سید محمد ہارون بخاری نے اعلان کیا کہ وہ خود ذاتی طور پر پاکستان عوامی تحریک کے امیدواران کے سیاسی جلسوں میں خطاب کریں گے، کمپین کا حصہ بنیں گے، گھر گھر جا کر ووٹ مانگیں گے اور تمام الیکشن پلاننگ میں مکمل معاونت فراہم کریں گے۔

اجلاس کے اختتام پر میاں ریحان مقبول نے تحریک منہاج القرآن کی جانب سے ملنے والی اس مکمل حمایت اور تعاون کو بے حد سراہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں مہمانان گرامی کو انتہائی عزت و احترام کے ساتھ رخصت کیا گیا۔