جون 26, 2026

کھاریاں: 9ویں محرم الحرام پر انتظامیہ متحرک، ڈپٹی کمشنر نورالعین کا موضع پرسوال میں کیٹیگری اے کے جلوس روٹ کا دورہ

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے 9 محرم الحرام کے موقع پر موضع پرسوال کا اہم دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی اور بلدیاتی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کیٹیگری اے کے مرکزی جلوس کے روٹ کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جلوس کے لائسنس ہولڈرز اور منتظمین سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے تحفظات و مسائل سنے۔ دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون، اسسٹنٹ کمشنر انڈر ٹریننگ سہیل خان مندوخیل اور چیف آفیسر ضلع کونسل سید فراز مہدی سمیت دیگر اعلیٰ انتظامی افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے دورے کے دوران جلوس کے راستوں پر صفائی ستھرائی کی صورتِ حال، اسٹریٹ لائٹس کی دستیابی اور عزاداروں کے لیے فراہم کردہ دیگر بلدیاتی سہولیات کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ انہوں نے موقع پر موجود چیف آفیسر ضلع کونسل کو سخت ہدایات جاری کیں کہ جلوس کے روٹ پر جہاں کہیں اندھیرا ہے، وہاں عزاداروں کی سہولت کے لیے اضافی لائٹس فوری طور پر نصب کی جائیں۔ ڈپٹی کمشنر نورالعین نے واضح کیا کہ محرم الحرام کے دوران انتظامیہ ضلع بھر میں پرامن ماحول اور بہترین انتظامات کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔