کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) ڈی پی او گجرات اختر فاروق نے 9ویں محرم الحرام کے موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے گجرات، کھاریاں، لالہ موسیٰ، سرائے عالمگیر، گلیانہ اور جلالپور جٹاں کے انتہائی حساس مقامات پر سیکیورٹی کا خود معائنہ کیا اور ڈیوٹی پر مامور افسران و اہلکاروں کو الرٹ رہنے کی سخت ہدایات جاری کیں۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ضلع بھر میں 9ویں محرم کے موقع پر مجموعی طور پر 148 مجالس اور 48 جلوس منعقد ہو رہے ہیں، جن کی فول پروف سیکیورٹی کے لیے 5 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ امن و امان کے قیام اور عزاداروں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے جلوس و مجالس کے منتظمین سے بھی مسلسل رابطہ برقرار رکھا جا رہا ہے۔
سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے جلوسوں کے روٹس میں آنے والی تمام گلیوں اور راستوں کو بیرئیرز اور خاردار تاریں لگا کر مکمل سیل کر دیا گیا ہے، جبکہ حساس مقامات اور بلند عمارتوں پر چھتوں پر سنائپرز تعینات کیے گئے ہیں۔ مجالس اور جلوسوں میں شرکت کرنے والے عزاداروں کو واک تھرو گیٹس، میٹل ڈیٹیکٹرز اور جامع باڈی سرچ کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے، جبکہ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ ڈی پی او اختر فاروق کے مطابق، سیف سٹی اور ضلعی کنٹرول روم کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی لائیو مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنے اردگرد نظر رکھیں اور کسی بھی مشکوک شخص یا لاوارث سامان کی صورت میں فوری طور پر پولیس ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دیں۔





