کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں پاکستانی نژاد کینیڈین شہری ہارون خان کی سماجی خدمات کے اعتراف میں ایک پارک ٹریل کو ان کے نام سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ سٹی آف مسی ساگا کی جانب سے باقاعدہ سرکاری منظوری کے بعد مقامی پارک میں ہارون خان کے نام کا بورڈ نصب کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں مسی ساگا کی میئر کیرولین پیرش، مقامی کونسلرز، پولیس حکام اور کمیونٹی کے ممتاز افراد نے شرکت کی۔
کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر محمد سلیم نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سٹی آف مسی ساگا کا یہ اقدام کینیڈا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح کی پذیرائی سے نہ صرف پاکستانی نژاد شہریوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور ثقافتی تعلقات بھی مزید مضبوط ہوتے ہیں۔





