اکتوبر 29, 2026

پی ایس ایل 11 کا فائنل آج: پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان بڑا ٹکراؤ، رنگا رنگ تقریب کی تیاریاں مکمل

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے نئے چیمپیئن کا فیصلہ آج ہو جائے گا، جہاں پشاور زلمی اور حیدرآباد کنگز مین کی ٹیمیں قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی۔ فائنل میچ سے قبل ایک پروقار اور رنگا رنگ اختتامی تقریب منعقد کی جائے گی، جس میں عاطف اسلم، علی عظمت، عارف لوہار، آئمہ بیگ اور صابری سسٹرز اپنی آواز کا جادو جگا کر شائقینِ کرکٹ کا لہو گرمائیں گے۔

پشاور زلمی کے کپتان بابر اعظم نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ٹرافی اٹھا کر اپنے خواب کو پورا کرنا چاہتے ہیں، جبکہ حیدرآباد کنگز مین کے کپتان مارنوس لبوشین کا کہنا ہے کہ ان کی ٹیم مشکل مراحل طے کر کے یہاں تک پہنچی ہے اور فائنل میں بھی اسی جوش و جذبے کے ساتھ کھیلے گی۔ دوسری جانب چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ شائقین کی سہولت کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے تماشائیوں کو مشورہ دیا کہ وہ اختتامی تقریب سے لطف اندوز ہونے کے لیے شام 6 بجے تک اسٹیڈیم پہنچ جائیں۔