تہران: ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے اسے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کا اعتراف قرار دیا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ امریکی صدر کی جانب سے ایرانی بحری جہازوں پر قبضے کو "قزاقی” قرار دینا محض زبان کی لغزش نہیں بلکہ ان مجرمانہ اقدامات کا کھلا اعتراف ہے جو امریکا بین الاقوامی سمندروں میں انجام دے رہا ہے۔
اسماعیل بقائی کا یہ بیان صدر ٹرمپ کے اس اعتراف کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران امریکی بحریہ "قزاقوں” جیسا کردار ادا کر رہی ہے۔ ایرانی ترجمان نے اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور بین الاقوامی برادری سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ عالمی قوانین کی ایسی کھلی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بحری سفر کے خلاف امریکا کے ان غیر قانونی اقدامات کو سختی سے مسترد کریں۔





