نومبر 6, 2026

کھاریاں میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا بحران؛ چولہے ٹھنڈے، طلبہ بغیر ناشتہ اسکول جانے پر مجبور

کھاریاں(قاری نصیر احمد کلیار )کھاریاں شہر میں گیس کی مسلسل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ خاص طور پر صبح کے اوقات میں جب گھروں میں ناشتہ تیار کیا جاتا ہے، گیس کی عدم دستیابی ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہے۔ اکثر گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہتے ہیں جس کے باعث سکول اور کالج جانے والے طلبہ بغیر ناشتہ کیے ہی گھروں سے نکلنے پر مجبور ہیں۔

یہ صورتحال نہ صرف طلبہ کی صحت پر منفی اثر ڈال رہی ہے بلکہ ان کی تعلیمی کارکردگی بھی متاثر ہو رہی ہے۔ بھوکے پیٹ تعلیمی سرگرمیوں میں حصہ لینا کسی بھی طالب علم کے لیے آسان نہیں ہوتا، مگر متعلقہ حکام کی جانب سے اس مسئلے پر کوئی واضح لائحہ عمل نظر نہیں آتا۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی فراہمی کا کوئی مقررہ شیڈول موجود نہیں۔ جب چاہے گیس بند کر دی جاتی ہے اور جب چاہے بحال کر دی جاتی ہے، جس سے روزمرہ کے معمولات شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ گھریلو خواتین کو کھانا پکانے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ کاروباری طبقہ بھی اس غیر یقینی صورتحال سے پریشان ہے۔

عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس سنگین مسئلے کا فوری نوٹس لیں اور گیس کی فراہمی کے لیے باقاعدہ شیڈول مرتب کریں تاکہ شہریوں کو درپیش مشکلات کا ازالہ ہو سکے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید شدت اختیار کر سکتا ہے۔

حکام بالا کو چاہیے کہ وہ عوامی مشکلات کو سمجھیں اور کھاریاں کے شہریوں کو اس اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کے لیے عملی اقدامات کریں۔