تہران: ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے دیے گئے الٹی میٹم کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ وہ کسی دباؤ کو قبول نہیں کرے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایران مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے اور کسی بھی ممکنہ جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی پوزیشن میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر سویلین انفراسٹرکچر یا بجلی گھروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تو اس کے اثرات صرف ایران تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ پورے خطے میں محسوس کیے جائیں گے۔
دوسری جانب خاتم الانبیاء مرکزی ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری نے امریکی بیانات کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دھمکی آمیز زبان اور پروپیگنڈا امریکا کو ماضی کی ناکامیوں سے نہیں بچا سکتا۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو آبنائے ہرمز کھولنے کے حوالے سے سنگین نتائج کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر آبنائے ہرمز نہ کھولی گئی تو ایران کی شہری تنصیبات کو نشانہ بنایا جا سکتا ہے اور صورتحال انتہائی سنگین ہو جائے گی۔
ماہرین کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر تیل کی ترسیل پر اس کے اثرات پوری دنیا میں محسوس کیے جا سکتے ہیں۔





