خیبرپختونخوا سے مراد سعید کی خالی سینیٹ نشست پر انتخابات کے معاملے پر پاکستان تحریک انصاف کے اندرونی اختلافات اور مشاورت کی تفصیلات سامنے آ گئی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے مطابق اس نشست کے لیے امیدواروں کے انتخاب پر قیادت میں مختلف آراء دیکھنے میں آئیں۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے سینیٹ کی خالی نشست پر عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کیا ہے، جبکہ غلام بادشاہ، جو بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے ڈرائیور بتائے جاتے ہیں، کو کورنگ امیدوار کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سجاد مہمند کا نام بھی بطور کورنگ امیدوار شامل کیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کا نام تجویز کیا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے پارلیمانی بورڈ نے اس نام کو مسترد کرتے ہوئے عرفان سلیم کو حتمی امیدوار منتخب کیا۔ عرفان سلیم کے خلاف 9 مئی مقدمات کے باعث بعض پارٹی رہنماؤں کو تحفظات بھی تھے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ بیرسٹر گوہر اور سلمان اکرم راجہ نے اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو کورنگ امیدوار بنانے پر اتفاق کیا تھا، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ان کے بجائے غلام بادشاہ کا نام شامل کروایا۔ ذرائع کے مطابق شاہد خٹک نے بھی اخوانزادہ حسین یوسفزئی کو فہرست میں شامل کرنے کی مخالفت کی جبکہ پارٹی کے بعض رہنماؤں نے بشریٰ بی بی کے ڈرائیور کو کورنگ امیدوار بنانے پر اعتراضات اٹھائے۔



