امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف فوجی کارروائی میں امریکا نے ایران کو فوجی اور معاشی طور پر مکمل شکست دے دی ہے، تاہم ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کی موت کے حوالے سے خبریں افواہیں ہوسکتی ہیں۔
صدر ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے ایران کے خارگ جزیرے کا زیادہ تر حصہ تباہ کر دیا ہے، اور ممکن ہے جزیرے پر مستقبل میں محض تفریح کے لیے چند مزید حملے کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھائی ہیں یا نہیں، یہ ابھی واضح نہیں۔
امریکی صدر نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز سے تیل حاصل کرنے والے ممالک اس راستے کی سکیورٹی خود یقینی بنائیں، اور امریکا ان ممالک کے ساتھ بحری گزرگاہ کے تحفظ کے لیے تعاون کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیشہ ٹیم ورک ہونا چاہیے تاکہ دنیا امن اور استحکام کی طرف بڑھے۔
صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ایران تنازع ختم کرنے کے لیے ڈیل کرنا چاہتا ہے، لیکن فی الحال ایران کی پیش کردہ شرائط قابل قبول نہیں۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ ان کی ہدایت پر امریکی سینٹرل کمانڈ نے ایران کے فوجی اہداف اور خارگ جزیرہ پر مشرق وسطیٰ کی تاریخ کے طاقتور ترین حملے کیے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ کچھ وجوہات کی بنا پر جزیرے کے تیل کے بنیادی ڈھانچے کو ابھی تباہ نہیں کیا گیا، لیکن اگر ایران یا کوئی اور آبنائے ہرمز میں آزاد اور محفوظ جہاز رانی میں مداخلت کرے گا تو امریکا فوری طور پر اس فیصلے پر نظر ثانی کر سکتا ہے۔




