اپریل 17, 2026

امریکا پر اعتماد نہیں کیا جا سکتا، جنگ روکنے میں پاکستان کا کردار قابلِ ستائش ہے: ایرانی صدر مسعود پزشکیان

ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کو روکنے کے لیے پاکستان کے مؤثر اور ذمہ دارانہ سفارتی کردار کی بھرپور تعریف کی ہے۔ تہران میں گفتگو کرتے ہوئے صدر پزشکیان نے واضح کیا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور برادرانہ تعلقات کا خواہاں ہے، تاہم انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ بارہا وعدہ خلافیوں کی وجہ سے ایرانی عوام اب امریکہ پر اعتماد نہیں کرتے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ عالمی قوانین کے تحت ایرانی قوم کے حقوق کا احترام کیا جانا چاہیے۔ صدر کا مزید کہنا تھا کہ اس تنازعے میں امریکہ کبھی فاتح بن کر نہیں ابھرے گا بلکہ اس سے خطے اور پوری دنیا کو سنگین نقصانات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ صیہونی عزائم کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے مخصوص مقاصد کے تعاقب میں ہے، لیکن انہیں امید ہے کہ امتِ مسلمہ کا اتحاد ان سازشوں کو ناکام بنا دے گا۔ صدر پزشکیان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خطے کی سیکیورٹی کی ذمہ داری خود خطے کے ممالک کو اٹھانی چاہیے۔