اپریل 18, 2026

ایران کی جانب سے متحدہ عرب امارات میں امریکی اہداف کو نشانہ بنانے کی دھمکی

ایران نے متحدہ عرب امارات میں موجود امریکی پناہ گاہوں اور اہم اہداف کو نشانہ بنانے کی نئی دھمکی دی ہے۔ ایرانی فوجی ترجمان کے مطابق، خارگ جزیرے پر امریکی حملوں کے بعد عام شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ممکنہ خطرے والے علاقوں، بندرگاہوں، ڈاکس اور امریکی پناہ گاہوں سے فوری طور پر انخلا کریں۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ جوابی کارروائی میں بھی انہی امریکی اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا جنہوں نے ایرانی علاقوں پر حملہ کیا۔

گزشتہ روز امریکہ نے ایران کے خارگ جزیرے میں 90 فوجی تنصیبات پر حملے کیے تھے۔ ایران کا کہنا ہے کہ امریکی حملوں میں اتنی تباہی نہیں ہوئی جتنی میڈیا رپورٹنگ میں بیان کی جا رہی ہے اور اس نے انتباہ دیا کہ مستقبل میں وہ زیادہ خطرناک اور تباہ کن ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔

خارگ جزیرے پر حملہ کسی بھی صورت میں یو اے ای کی زمین سے نہیں کیا گیا: اماراتی مشیر

دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ایرانی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ خارگ جزیرے پر حملہ کسی بھی صورت میں یو اے ای کی زمین سے نہیں کیا گیا۔ اماراتی سفارتی مشیر نے ایرانی پالیسی کو غیر منطقی اور غیر سمجھدار قرار دیا۔

اسی دوران ایران نے فجیرہ پورٹ پر بھی ڈرون حملہ کیا، جس کے نتیجے میں آئل لوڈنگ آپریشنز جزوی طور پر معطل ہوگئے اور پورٹ کے علاقے میں آگ اور دھواں پھیل گیا۔ اماراتی حکام کے مطابق فضائی دفاع نے 9 بیلسٹک میزائل اور 33 ڈرون تباہ کیے تاکہ شہری علاقوں اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔

یہ پیش رفت مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور ایران و امریکہ کے درمیان حالیہ تنازع کے تناظر میں سامنے آئی ہے، جس سے خطے کے استحکام پر سوالات اٹھ گئے ہیں۔